حکمرانوں نے عدلیہ کے فیصلے نہ مانے تو عوام بھی حکومت کو تسلیم نہیں کرینگے: چودھری نثار علی خان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں+ ریڈیو نیوز) قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اگر حکمرانوں نے عدلیہ کے فیصلے نہ مانے تو پاکستان کے عوام بھی اس حکومت کو تسلیم نہیں کر ینگے۔ عرفان قادر کو ایوان صدر کی آشیرباد حاصل ہے اس لئے وہ سپریم کورٹ اور حکومتی فیصلوں کا تمسخر اڑا رہے ہیں، کشمیر کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں نہ اس کا کوئی کام ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کیخلاف مسلم لیگ (ن) آج تحریک التواءقومی اسمبلی میں پیش کریگی۔ اگر امریکی ریاست فلوریڈا کے انتہاپسندوں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تو اس کا عالم اسلام میں شدید ردعمل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارلیمنٹ ہاﺅس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چودھری نثار نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے عدلیہ کے فیصلے نہ مانے تو پاکستان کے عوام بھی حکومت کی آئینی و قانونی اور جمہوری حیثیت تسلیم نہیں کریں گے، حکومت نے احتساب بل کے حوالے سے چیئرمین کے عہدے کے لئے حاضر سروس جج کے علاوہ ریٹائرڈ جج کو تعینات کرنے کی شق شامل کرنے کے عوض مسلم لیگ (ن) کے مطالبات کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے ہم نے حکومت سے اس بارے میں تحریری طور پر پیشکش بھجوانے کیلئے کہا ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے اےسے شواہد ملے ہیں کہ اعتماد کے فقدان کی وجہ سے بہت کم امداد ملی ہے۔ ایک جمہوری حکومت کا تقاضا یہ ہوتا ہے کہ وہ آئین و قانون کا احترام کرے اور حکومت کو اس کے عین مطابق چلائے یہ عجب تماشہ ہے کہ ایک طرف وزیر قانون‘ وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان کرتے ہیں تو دوسری طرف ایک شخص کھلے عام ان فیصلوں کا مذاق اڑاتا ہے کیا عرفان قادر اتنا طاقت ور ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ساتھ ساتھ حکومت کے فیصلوں کا تمسخر اڑا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی عمر چیمہ پر تشدد ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ اس واقعہ پر خاموش رہنا گناہ ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) اس معاملہ کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے بارے میں جو شواہد ملے ہیں غیرملکی امداد انتہائی محدود ہے،حکمران کچھ بھی کہیں انکی کریڈیبلٹی کے فقدانکا اظہار ہر ادارے اور ملک کی طرف سے کیا جا رہا ہے اب بھی وقت ہے پوری قوم کو متحرک کیا جائے۔ اب تک حکومت ٹرانسپیرنٹ ادارہ قائم کرنے کے لئے 5بار اعلانات کر چکی ہے لیکن کسی ایک اعلان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا حکمران سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے بارے میں کلیئر نہیں۔ امریکہ میں معصوم اور بے گناہ لوگ اٹھائے جاتے ہیں امریکہ میں داڑھی رکھنا جرم بنا دیا گیا ہے اس گروہ نے عالم اسلام میں آگ بھڑکا دی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف ایک وفاقی وزیر کے بیان کے بارے میں کہاکہ یہ محض نمبر بنانے اور اپنی نوکری پکی کرنے کیلئے میاں نوازشریف کا نام لے کر تنقید کرتے ہیں۔این این آئی کے مطابق نوازشریف کے خلاف بیانات پر کہاکہ یہ دونوں ”درشنی پہلوان“ ایوان صدر میں اپنے نمبر بنانے اور نوکری پکی کرنے کیلئے آئے روز اُلٹے سیدھے بیانات دیتے ہیں