مقبوضہ کشمیر : فوج کی مظاہرین پر فائرنگ‘ لاٹھی چارج‘ بیسیوں زخمی‘ میر واعظ بھی نظر بند
سرینگر (ایجنسیاں)”کشمیر چھوڑ دو“ تحریک کے سلسلے میں وادی بھر میں مظاہروں کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ فورسز نے مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کر دی اور وحشیانہ لاٹھی چارج کیا جس سے بیسیوں شہری زخمی ہو گئے۔ میر واعظ عمر فاروق کو بھی گھر پر نظربند کر دیا گیا۔ عید کے اجتماعات کو روکنے کیلئے فورسز نے کریک ڈاﺅن شروع کرکے درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پلوامہ اور شوپیاں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ سرینگر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کے دوران نوجوانوں نے اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی اور سڑکوں پر مارچ کیا۔ مشتعل نوجوانوں پر پولیس اور فوج نے شیلنگ اور فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں بیسیوں افراد زخمی ہوگئے اور کئی افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔