اسلام آباد (رائٹرز + اے ایف پی + جی این آئی) ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے بھی امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک چرچ کی طرف سے نائن الیون کے دن احتجاجاً قرآن نذر آتش کرنے کے منصوبے کی مخالفت کی ہے۔ سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے دو روزہ دورے کے اختتام پر اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے بدھ کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ قرآن کو جلانے کے اقدام کی حمایت کرتی ہیں تو ان کا جواب تھا ”ہر گز نہیں‘ ہر گز نہیں“۔ انجلینا جولی نے کہا کہ کسی کی مذہبی کتاب کو جلانے کی مخالفت کا اظہار کرنے کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ انجلینا جولی نے کہا کہ عالمی برادری کرپشن کو بہانہ نہ بنائے‘ تمام ممالک دل کھول کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود دیکھا ہے کہ لوگوں کی مدد کی جا رہی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بہت بڑی آبادی متاثر ہوئی۔ لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے‘ زرعی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں‘ اس وقت پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے عالمی برادری کو بڑھ چڑھ کر امداد کرنی چاہئے۔ پاکستان سے کسی بچے کو گود لینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بچوں کو لے پالک لینے کے حوالے سے مسلمان ملکوں میں پائے جانے والے جذبات کے باعث وہ ایسا نہیں کریں گی۔ انجلینا جولی نے وزیراعظم گیلانی سے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناءوزیراعظم نے دنیا کی توجہ سیلاب کی صورتحال پر مبذول کرانے کے لئے پاکستان کا دورہ اور سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر انجلینا جولی کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024