مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مصبیت کی گھڑی میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے مشترکہ کمیشن بنانے اوراتحاد و یگانگت کا پیغام دینے کا موقع گنوا دیا ہے۔
میاں نوازشریف میانوالی میں صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین سیلاب میں بیس، بیس ہزارروپے کے ابتدائی امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب بہت بڑا سانحہ ہے، قوم صرف متحد ہوکرہی اس آفت کا مقابلہ کر سکتی ہے، مسلم لیگ نون پورے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ میاں نوازشریف نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے اسی، اسی ہزار کے دوسرے چیک بھی بہت جلد متاثرین کو فراہم کردیئے جائیں گے۔ سابق صدرپرویزمشرف کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ماضی کا قصہ بن چکے، ان کی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو نون لیگ میں شامل نہیں کریں گے۔جبکہ پرویزمشرف دور کے صوبائی وزیرمال گل حمید روکھڑی کے صاحبزادے اورسابق ضلع ناظم حمیر حیات روکھڑی بھی ان کے ساتھ ہی کھڑے تھے۔