لاہورپولیس نےعید الفطر پرشہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور اسلم ترین کے مطابق عید الفطر پرسیکیورٹی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ وقت نیوز سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر پر پندرہ ہزار سے زائد پولیس اہلکار اپنے فرائض سر انجام دیں گے ان میں کوئیک رسپانس فورس، محافظ سکواڈ موبائیل سکواڈ اورٹائیگرسکواڈ کے دستے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کانسٹبلری کی نفری اورپنجاب رینجرزکے دستے بھی لاہور میں گشت کرتے رہیں گے۔ اسلم ترین نےکہا کہ تمام ڈویژنل ایس پی ایز اپنے علاقوں میں پٹرولنگ کریں گے اور حساس عبادت گاہوں کی چھتوں پر سنائپرز کی تعنیاتی کے علاوہ واک تھرو سیکیورٹی گیٹس بھی نصب کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے میدان جہاں نمازعید ادا کی جائے گی انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اوروہاں پارکنگ اسٹینڈزدوسو گز دور ہوں گے۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ عید الفطر کی وجہ سے پولیس کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ شہری پر امن طریقے سے نماز عید منا سکیں۔