لاہور ہائیکورٹ نے خصوصی عدالتوں میں صحافیوں کے داخلے پرعائد پابندی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی و صوبائی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے۔
خصوصی عدالتوں میں صحافیوں کے داخلے پرعائد پابندی کے خلاف درخواست پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ آج کیس کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ احتساب عدالت اور انسداد دہشتگردی عدالت میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے، جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی عدالتوں میں اوپن ٹرائل ہوتا ہے، لہذا ان عدالتوں میں عوام اور صحافیوں پر پابندی عائد کرنا درست نہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جن قوانین کی روح سے صحافیوں کے خصوصی عدالتوں میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے، ان سے عدالت کو بھی آگاہ کیا جائے۔ کیس کی مزید سماعت بائیس ستمبر تک ملتوی کردی گئی ہے