وزیر اعلیٰ کا متوقع دورہ وہاڑی، انتظامیہ 3 روز سے ہائی الرٹ
وہاڑی،بورے والا(نامہ نگار) تین روز سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر کا متوقع دورہ وہاڑی کی وجہ سے ڈپٹی کمشنر آفس سمیت تمام سرکاری محکموں میں ہائی الرٹ رکھا گیا ہے لیکن روزانہ ہی دورہ کے اگلے روز تک مؤخر ہونے کی اطلاع آجاتی ہے اس سلسلے میں جب ڈسٹرکٹ آفسیر انفارمیشن سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے دورہ کی تصدیق یاتردید سے گریز کرتے ہوئے اپنی لاعلمی کا اظہار کیاتاہم ذرائع نے اب دعویٰ کیاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب آج 9اکتوبرکو میلسی کا دورہ کریں گے جہاں پر وہ بہاولپور وہاڑی روڈ کو دورویہ کرنے میڈیکل کالج سمیت دیگر میگا پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔بورے والاسے نامہ نگار کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی آج 9 اکتوبر کو بورے والا کے متوقع دورہ کے پیش نظر انتظامیہ متحرک ہو گئی اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ اور چیف آفیسر بلدیہ کی زیر نگرانی چیف انکروچمنٹ انسپکٹر خرم شہزاد،سینٹری انسپکٹر محمد افضل،خالد جاوید اور محمد اکبر کی قیادت میں عملہ انکروچمنٹ اور سینٹری ورکرز کا شہر میں تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے بلاتفریق آپریشن جاری ہے جبکہ عملہ صفائی رات گئے تک کام میں مصروف عمل ہے اس دوران شہر میںکئی سالوں سے قائم تجاوزات کو ختم کر دیا گیا متعدد تجاوزات کا سامان بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔