سوئی سدرن گیس کمپنی نے 48گھنٹے بعد شہرقائد سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی، اجازت ملنے کے بعد اسٹیشنز کھلنا شروع ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بحال کردی گئی ہے، مسلسل 2روز سے 48گھنٹے کیلئے سی این جی اسٹیشنز کو سپلائی معطل تھی۔
سوئی گیس حکام کے مطابق گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت اسٹیشنز کو بند کیا گیا تھا، آرایل این جی پر چلنے والے اسٹیشنز پر سپلائی معمول پر ہے، آر ایل این جی پر منتقل اسٹیشنز کو گیس ہفتے میں 7روز بحال ہے۔
دوسری جانب سندھ بھر میں 15 اکتوبر سے تمام سی این جی پمپس کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، سندھ بھر میں صرف آر ایل این جی پر چلنے والے گیس اسٹیشنز کھلے رہیں گے۔
رواں ماہ کے آغاز میں ذرائع کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی ہدایت پر مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سی این جی اسٹیشنز آر ایل این جی پر شفٹ کردیں۔
ذرائع کے مطابق 15 اکتوبر سے سی این جی اسٹیشنز یا تو بند ہوجائیں گے یا آر ایل این جی پر منتقل ہوں گے۔