میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے میڈیا کوارڈینیشن ڈپارٹمنٹ کا افتتاح
اسلام آباد( وقائع نگار )میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے میڈیا کوارڈینیشن ڈپارٹمنٹ کا افتتاح کر دیا،میئر آفس میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی میئر ذیشان نقوی،اپوزیشن لیڈر راجہ شیراز کیانی، مختلف یونین کو نسلرز کے چیئر مینوں ،ایم سی آئی کے مختلف ڈائریکٹوریٹ کے سر براہان نے شرکت کی۔میئر نے اس موقع پر ربن کاٹ کر ڈپارٹمنٹ کا افتتاح کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تعاون کے بغیر ادارے کو کامیابی سے چلانا مشکل ہے میڈیا بہتری کیلئے ہماری رہنمائی کرے، امید ہے میڈیا کوارڈینیشن ڈپارٹمنٹ بہتر کام کرے گا، سی ڈی اے اور ایم سی آئی دونوں الگ الگ ادارے ہیں ،بیشتر اوقات ہماری کاکردگی کو سی ڈی اے کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا ہے،آنے والے دنوں میں اس ڈپارٹمنٹ کے ذریعے ایم سی آئی کے امیج کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے،اس موقع پر اپوزیشن لیڈر راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ میڈیا ڈپارٹمنٹ کا قیام میئر اسلام آباد کا بہت اچھا اقدام ہے۔ دوسری جانب میئر اسلام آبا د نے محسن شیرازی کو میڈیا کوارڈینیشن ڈپارٹمنٹ کا سر براہ مقرر کیا ہے۔