شفقت محمود کی قیادت میں پانچ رکنی وفد کی انقرہ میں وزیر تعلیم ضیاء صالح سے ملاقات
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی قیادت میں ایک پانچ رکنی وفد نے گذشتہ روز انقرہ میں ترکی کے وزیر تعلیم ضیاء صالح سے ملاقات کی۔ انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرائے تعلیم نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلیم، خاص طور پر فنی تعلیم کے شعبہ میں تعاون کو مستحکم بنانے پر زور دیا۔ ترکی کے وزیر تعلیم نے پاکستانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکی کے لوگوں کے دلوں میں خصوصی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان اور ترکی نے تاریخ کے ہر موڑ پر ایک دوسرے کی بھرپور مدد کی۔ ترکی اپنی جنگ آزادی میں پاکستانی عوام کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ پاکستان کے وزیر تعلیم شفقت محمود نے ترک ہم منصب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ترک بھائیوں سے گہری محبت رکھتے ہیں۔ حال ہی میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ترک صدر طیب اردگان کی کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے تقریر کو پاکستانی عوام نے بہت سراہا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے ترک وفد کو پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں شروع کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے ہاں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔