کراچی میں تشدد جاری، پولیس اہلکار سمیت 7 جاںبحق، نائن زیرو کے گرد رکاوٹیں ہٹا دی گئیں
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 7 افراد ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیلر ماسٹر 40 سالہ علی رضا کو کلاکوٹ کے علاقے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ادھر سہراب گوٹھ نیو سبزی منڈی کے نزدیک فائرنگ کے نتیجے میں 40 سالہ ہمیش گل ہلاک اور دو افراد باچا گل خان اور جعفر خان زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ گڈاپ سٹی کے علاقے میں وادی حسین قبرستان کے نزدیک ندی سے تین افراد کی نعشیں ملیں جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق تینوں مقتولین کی عمر 30 اور 35 سال کے درمیان تھی تاہم فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ صادق رضا کے مطابق کلاکوٹ میں آٹھ چوک پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے علی رضا ولد غلام مرتضیٰ نوحہ خواں اور بارہ امام درگاہ کے ٹرسٹی بھی تھے۔ علاوہ ازیں منگل کی شب فرنٹیئر کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک 30 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ ادھر رات گئے سائٹ کے علاقے میٹرول میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار کو قتل دوسرے کو شدید زخمی کر دیا جبکہ ناظم آباد نمبر 7 میں ڈاکوؤں نے ایک سکول وین کو روک کر طالب علموں کو نقدی موبائل اور قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔ دریں اثناء پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 50 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں، جبکہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے ایک ریپیٹر اور 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق تینوں ملزم سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ادھر رینجرز نے عزیز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو کے اطراف رکاوٹوں اور بیریئر کو ہٹا دیا۔ منگل کی سہ پہر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران رینجرز نے علاقے کا گشت بھی کیا تاہم کسی مکان کی تلاشی لی گئی اور نہ ہی کسی سے پوچھ گچھ کی گئی۔