حکومت پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ فی الفور واپس لے:گوجرانوالہ چیمبر
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ چیمبرکے صدر محمد شعیب بٹ،سینئرنائب صدر آفاق ایوب اور نائب صدر وقاص افضل سے مختلف صنعتی وتجارتی وفود نے ملاقات کی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت لوگ پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔محکمہ میں عوام کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی لہذا گوجرانوالہ چیمبر پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ پر شہریوں کی آواز پہنچائے۔تجارتی وفود کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر چیمبر نے کہا کہ محکمہ ایکسائز نے پراپرٹی ٹیکس میں کئی گناہ اضافہ کر کے شہریوں کی پریشانیوںکو مزیدبڑھا دیا۔ ستم ظریفی ہے کہ کوئی شہری پراپرٹی ریٹس کے متعلق رجوع کرے تو محکمہ بات سننے کوتیار ہے نہ کوئی تسلی بخش جواب دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کے بڑھتے ہوئے ریٹس اور محکمہ کی خاموشی نے شہریوں کو خوف و ہراس مبتلا کررکھا ہے، لوگوںکو دووقت کی روٹی میسر نہیں۔لہذا عوام کی مشکلات کے پیش نظر دانشمندی کا تقاضہ یہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے اور پراپرٹی ٹیکس ریٹس میں اضافہ کو فی الفور واپس لیتے ہوئے لوگوں سے پراپرٹی ٹیکس کے پرانے ریٹس ہی وصول کئے جائیں۔