لبرٹی مارکیٹ لاہورکی پہچان ،دیکھ بھال کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے:عثمان معظم
لاہور (خصوصی نامہ نگار)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے کہا ہے کہ لبرٹی مارکیٹ لاہورکی پہچان ہے اس کے انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ وہ گزشتہ روزلبرٹی مارکیٹ کے تاجروں سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پرٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر صفدر بٹ اور دیگر تاجروں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں اور بیرون ملک سے آنے والے شاپنگ کے لیے لبرٹی مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں۔ ان کسٹمرز کو پارکنگ کی سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔مارکیٹ کا واٹر سپلائی اور سیوریج کا نظام بھی پرانا ہو چکا ہے اور آجکل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ایم ڈی واسا اور چیف انجینئر ایل ڈی اے تاجروں سے رابطہ کر کے ان کے مسائل معلوم کریں گے۔