دوہری شہریت کے حامل طلبہ کو میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ پر داخلہ دیا جائے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کی 2019ء کی داخلہ پالیسی بحال کر دی، عدالت نے دوہری شہریت کے حامل طلبہ کو میڈیکل کالجوںمیں اوپن میرٹ پر داخل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کا تحریری فیصلہ 9صفحات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی آرڈیننس 2019ء کی دفعہ 49کی ذیلی دفعہ 2کے تحت ترامیم کا اختیار رکھتی ہے۔ دوہری شہریت کے حامل میڈیکل کے طلبہ کے کوٹہ کے تحت داخلے نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے۔ میڈیکل کالجوں میں نئے داخلے 2019ء کی پالیسی کے تحت مکمل کئے جائیں۔ دوہری شہریت کے حامل میڈیکل کے طلبہ نے پی ایم ڈی سی کی نئی پالیسی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔