خانیوال: بس اور ٹرک میں تصادم‘ 4 افراد جاں بحق‘ 17 زخمی
خانیوال(آن لائن+ آئی این پی) ایم فور موٹر وے پر تیز رفتار مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے، ریسکیو کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ڈسڑکٹ ہسپتال منتقل کیا۔ تفصیلات کے مطابق چکوال سے ملتان جانے والی مسافر بس ایم فور موٹروے پر عبدالحکیم انٹر چینج کے قریب ٹرک سے تیز رفتاری کی وجہ ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ضلع بھر کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بس کی چھت ہی اڑ گئی۔ ریسکیو نے بس کی باڈی کو کاٹ کر زخمیوں اور نعشوں کو باہر نکالا جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا۔ 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں اموات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے حادثے سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔