دنیا کی کوئی خوشی جشن ولادت مصطفی ؐ جیسی نہیں ہو سکتی:ڈاکٹر حسن محی الدین
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع مسجد المنہاج میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی خوشی جشن ولادت مصطفی ؐ جیسی نہیں ہو سکتی، آپؐ نے مساوات کی ایک ایسی روایت قائم کی کہ غلام آقا بن گئے اور مجبور معتبر ہو گئے، جو ایک دوسرے کا حق غصب کرنا باعث فخر سمجھتے تھے وہ امانت دار بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ آج 9نومبر کی شب مینار پاکستان پر تحریک منہاج القرآن شایان شان طریقے سے آقا ؐکا جشن ولادت منائے گی جس سے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آپؐکی تعلیم و تربیت کا یہ اعجاز تھا کہ بت پرست حق پرست بن کر دنیا کو توحید کا سبق پڑھانے لگ گئے۔