قیمت ایپ سے استفادہ کیلئے آگاہی بڑھائی جائے:چیف سیکرٹری
لاہور ( سپیشل رپورٹر) صوبہ میں اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے تحصیل کی سطح پر فارمر (کسان) مارکیٹس کے قیام اور بڑے شہروں میں ہوم ڈلیوری سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔صوبے میں مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ ابتدائی طور پرلاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں ہوم ڈلیوری سسٹم بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں کی نگرانی اور صارفین کی شکایات کے ازالہ کے کیلئے قیمت ایپ کا آغاز کیا گیا تھا جس کے ذریعے اب اشیاء خورونوش کی سرکاری نرخوں پر آن لائن خریداری بھی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ قیمت ایپ سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے عوام میں شعور اور آگاہی کو بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سے مختلف اضلاع کی 30منڈیوں میں فارمر مارکیٹس کا آغازکر دیا جائے گا ۔