کاشتکاروں کو سہولتیں دینگے: عثمان بزدار
لاہو ر(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، ٹڈی دل کے حملے سے فصلوں کو بچانے کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ زرعی گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ 20کروڑ روپے کی لاگت سے 130 زرعی گریجویٹس کو تربیت دی جائے گی اور یہ پروگرام ہر سال جاری رہے گا جبکہ پنجاب میں فلوری کلچر کے فروغ کیلئے نیا پروگرام شروع کیاجائے گا اور اس پروگرام پر تقریباً 40کروڑ روپے خرچ کیے جائیںگے۔ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیںگے۔ ہماری حکومت نے گندم اورگنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا ہے-آئندہ سیزن میں بھی گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا ثمر دیں گے- وزیراعلیٰ نے بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر کے علاقوںکی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ عثمان بزدار نے خانیوال کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسرس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجراء میں مزید تاخیر قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ باتیں نہیں اب کام کرنا ہوگا محکمانہ کارروائی میں مزید وقت ضائع نہ کیا جائے میں کسی بھی روز فرید کورٹ ہاؤس میں ایکسائز آفس کا اچانک دورہ کرونگا اور اضلاع میں بھی ایکسائز دفاتر کے اچانک دورے کئے جائیں گے۔ یوم اقبال پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا بلاشبہ اقبال مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے داعی تھے۔ سردار عثمان بزدار سے امرتسر سے آنے والے سکھ رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی سکھ رہنماؤں کے وفد نے ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی پراجیکٹ پر وزیراعلیٰ کاشکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میاں چنوں پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔