حکومت نے اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی کابینہ نے سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی تو وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری نے رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف دو اور انکوائریز زیر سماعت ہیں۔ وزارت خارجہ نے اسد درانی سے اس معاملے میں دو ہفتے میں جواب طلب کررکھا ہے۔ فاضل جسٹس نے وزارت دفاع کے نمائندے کو ہدایت کی کہ دو ہفتے میں انکوائری شروع کرکے ان کو نوٹس بھی کرلیں تاکہ درخواست گزار کو بار بار عدالت کے چکر نہ لگانے پڑیں، عدالت نے ان ہدایات کے ساتھ درخواست خارج کرتے ہوئے معاملہ نمٹادیا ہے۔