اقبال عہد ساز شخصیت ‘ نئی نسل کو انکی تعلیمات سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے: رانا ولایت علی
ملتان (سماجی رپورٹر) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سکینڈری ملتان رانا ولایت علی نے کہا ہے کہ اقبال ایک عہد ساز و زمانہ ساز شخصیت ہے۔ وہ ایک عام انسان نہیں بلکہ خاص سے بھی خاص اور درویش تھے۔ ان کی شاعری میں قرآن پاک کا ترجمہ ملتا ہے ۔ ہمیں علامہ اقبال کی تعلیمات کو نئی نسل میں روشناس کروانے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کے زیرِ اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل ملتان کے تعاون سے یومِ ولادت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے موقع پر ہفت روزہ تقریبات کے چوتھے روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نیو سنٹرل جیل ملتان میں منعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب میں کیا۔جسکے مہمانانِ خاص میں پرنسپل سکول مسز سیدہ تسلیم فاطمہ نقوی، حکیم عامر رزاق اوبھایا، سینئر صحافی ممتاز شاعر وکالم نگار سلیم ناز ، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائیزیشن نعیم اقبال نعیم اور مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی شامل تھے۔ سکول کی طالبات کے درمیان اقبال کا مردِ مومن کے عنوان سے مقابلہ تقریر کے علاوہ کلامِ اقبال کے مقابلے ہوئے۔ مقابلہ تقریرمیں اول مہک عمران، دوم مقدس الطاف، سوم دعا راشد اور چہارم آمنہ شفیق و انیشہ ارشد رہیں۔ جبکہ کلامِ اقبال کے مقابلوں میں اول نزہت فیاض ، دوم بشری بابر، سوم حائقہ اور چہارم علینہ رہیں۔ جبکہ مقابلہ ٹیبلوز میں اول ’’بلبل اور جگنو‘‘ اور دوم میں ’’سارے جہاں سے اچھا ‘‘سوم ’’یارب دل مسلم کو‘‘ اور چہارم ’’لب پہ آتی ہے دعا‘‘ انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی مسز سیدہ تسلیم فاطمہ نقوی، حکیم عامر رزاق اوبھایا، سلیم ناز، نعیم اقبال نعیم اور عمران اعظمی نے کہا کہ علامہ محمداقبالؒ نے برصغیر پاک و ہند کے سوئی ہوئی امت مسلمہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور ان میں آزادی کی تڑپ پیدا کی۔ اس موقع پر مسز طاہرہ سلطانہ، وقاص فرید قریشی، حاجرہ، رمشہ اعجاز، علینہ خان، مائرہ اعجاز، اریبہ علی، آمنہ خان، کنزہ، کشش و دیگر نے بھی خطاب کیا۔