70 سال بعد بھی علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر پوری نہیں ہو سکی: رانا اسلم ساغر
ظریف شہید (نامہ نگار) قائد ملت پبلک سکول کوٹلی نجابت میں ’’فکر اقبال‘‘ کے موضوع پر تقریب ہوئی جس کی صدارت محمد کامران پرنسپل نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی رانا محمد اسلم ساغر جنرل سیکرٹری نظریہ پاکستان فورم ضلع ملتان تھے۔ تقریب سے ارم ضیائ، مس راشدہ شریف، محمد ریاض، رضیہ ذوالفقار نے خطاب کیا اور فکر اقبال کے حوالے سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ فکر اقبال سے ملکوں میں انقلاب برپا ہوا لیکن پاکستان میں تعلیمات اقبال کو یکسر فراموش کر دیا گیا۔ رانا محمد اسلم ساغر نے کہا کہ 70 سال گزرنے کے باوجود ہم اقبال کے خواب کی تعبیر پورا نہ کر سکے۔ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست نہ بن سکا۔ حتیٰ کہ مصور پاکستان کے حالات و تعلیمات کو نصاب تعلیم سے بھی نکال دیا گیا۔ موجودہ تعلیمی نظام پاکستان کی نظریاتی سرحدود کو کمزور کر رہا ہے۔ سکول کے پرنسپل محمد کامران نے کہا کہ فلسفہ اقبال ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔ ان کی اعلیٰ سیاسی فکر پر نظام حکومت استوار کرنا چاہئے ان کی تعلیمات کو عام کئے بغیر پاکستان ریاست مدینہ نہیں بن سکتا۔