غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کیخلاف جلد کریک ڈاؤن کیا جائیگا: جہانزیب کھچی
خانیوال ) خبرنگار‘نمائندہ نوائے وقت )صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب محمد جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویثرن کے تحت اوروزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں شعبہ ٹرانسپورٹ میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں پہلے سے موجود سرکاری ٹرانسپورٹ اڈوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جا رہا ہے۔پنجاب حکومت شہریوں کو آسان سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔دوران سفر حادثات کے باعث ہونے والے نقصانات کی انشورنس بارے عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کی جائے اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر اس بارے پینا فلیکس لگوائے جائیں۔ انہوں نے یہ بات سرکٹ ہائوس خانیوال میںپرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈی پی او رانا محمد معصوم ، اے سی / سیکرٹری آر ٹی اے عبدالجبار اور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اوور چارجنگ ناقابل برداشت ہے ۔پنجاب حکومت ٹرانسپورٹ سسٹم میں بہتری لا رہی ہے اور کسی کو اوور چارجنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ بھر میں سپیڈو بس سروس کی طرز پر بہت جلد انٹر سٹی سروس شروع کرے گی۔میڈیا معاشرے کی آنکھ ہے وہ شعبہ ٹرانسپورٹ کے مسائل کی نشاندہی کرے حکومت پنجاب انہیں حل کرے گی۔صوبائی وزیر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خانیوال تا ملتان شہریوں کی سفری سہولت میں آسانی کے لیے سپیڈو بس سروس شروع کرنے کے لیے وزیر اعلی پنجاب سے بات کروں گا۔انہوں نے خانیوال کے طلبا و طالبات کے لیے خانیوال تا بہائوالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان وائس چانسلر سے بات کر کے دو بسیں چلانے کی یقین دہانی کروائی۔قبل ازیں سرکٹ ہائوس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران اور ٹرانسپوررز کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں سے ایل پی جی سلنڈرز فوری طور پر اتار دیں اور ضلع خانیوال میں موجود ٹرانسپورٹ اڈوں کی حالت بہتر بنائی جائے۔