مسلمانوں پر آفتیں دین سے دوری کی وجہ سے نازل ہو رہی ہیں: مولانا عبدالوہاب
لاہور ( بر نگار) سالانہ عظیم الشان عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کا آغاز گزشتہ روز بعد نماز عصر مولانا نذرالرحمان کے بیان سے ہوگیا۔ دوسرے مرحلہ میں فرزندان اسلام، شمالی، جنوبی وزیرستان، بٹ خیلہ، مکران، وانا، سوات، ڈیرہ اسماعیل، گوادر، تربت، میران شاہ، کراچی لسبیلہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مالا کنڈ اور بیرون ملکوں سمیت لاکھوں نے شرکت کی۔ امیر جماعت حاجی عبد الواہاب، مولانا نذرالرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اے مسلمان بھائیو اس پنڈال میں جمع ہونے کا مقصد دنیا بھر میں اللہ کے دین کو دوسروں تک پہنچانا، دوسروں کے عیب کے بجائے ان کی خوبی تلاش کرنا ہے، انسان ماں کے پیٹ سے آیا اور قبر کے پیٹ کی طرف دوڑ رہا ہے، مسلمان کے لئے سب سے بہتر عمل توبہ اور سوتے وقت رات موت سرہانے رکھو اور صبح اٹھو تو موت کو سامنے رکھو تاکہ موت یاد رہے، اس اجتماع کا مقصد امت مسلمہ کو دین کے راستہ پر ڈالنا اور سچے مسلمان بنانا ہے، آؤ اس کار خیر کا حصہ بنیں اور اللہ کے دین کو دوسروں تک پہنچائیں اور خود بھی سیکھیں، تبلیغی اجتماع دین سکھانے کی تربیت گاہ ہے۔ مسلمانوں کی ذلت توبہ سے ختم ہوگی۔ امت پر آفتیں دین سے دوری کی وجہ سے نازل ہورہی ہیں۔ پریشانیوں سے نجات اللہ کی راہ میں نکلنے میں ہے۔ آخر الزمان نبیؐ کا فرمان اور اللہ تعالی کے دین کو دوسروں تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، دنیا میں مشقتیں جھیلنا، صعوبتیں برداشت کرنا آخرت کی رفع درجات کا سبب ہے اور جتنی بھی دینی امور میں مشقت اٹھائی جائے گی اتنا ہی بلند مرتبوں کا استحقاق ہوگا لیکن اللہ پاک کے مبارک ذکر کی یہ برکت ہے کہ راحت و آرام سے نرم بستروں پر بیٹھ کر بھی راتوں کو اللہ کی یاد میں وقت لگانے والے بھی رفع درجات کا سبب ہیں۔ اللہ کا قہر اور عذاب اس قدر خوف ناک ہے کہ اگر اسکا اندازہ ہوجائے تو انسان ساری زندگی عیش و عشرت بھول کر سجدہ میں ہی گزار دے۔