حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش کے 974 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات شروع
لاہور (خصوصی نامہ نگار) برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت سید ابوالحسن علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے 974 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کاآغاز ہو گیا، صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید زعیم حسین قادری نے رسم چادر پوشی سے تقریبات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہدیہ نعت پیش کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ رسم چادر پوشی کے بعد دودھ کی سبیل کا بھی افتتاح کیا گیا۔ عرس کی افتتاحی تقریب میں اندرون اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے زائر ین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اور تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے زائرین کو مختلف مقامات پر تلاشی کے بعد واک تھرو گیٹ سے گزار کر اندر داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ داتا دربار کے بیرونی اور اندرونی حصوں اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ مختلف علاقوں سے زائرین عقیدت اور اپنی منتوں کی چادریں چڑھانے کیلئے حضرت داتا گنج بخش کے مزار مبارک پر آرہے ہیں۔ علاوہ ازیں عرس کے آخری روز کل (جمعہ) کو مقامی تعطیل ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں بھی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ اور ضلعی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی۔
عرس