رائیونڈ: تبلیغی اجتماع شروع‘ لوگوں کو دعوت و پیار سے قائل کرنا افضل جہاد ہے: علمائ
رائے ونڈ (نامہ نگار) رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع گزشتہ روز شروع ہو گیا اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ اللہ کے نبی کا دین اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے، تبلیغی جماعت دنیا بھر کے مسلمانوں کی واحد پر امن منظم اور موثر اسلامی تحریک ہے اور دنیا بھر میں دین اسلام تبلیغی جماعت کی قربانیوں اور محنت کی وجہ سے پھیل رہا ہے، تبلیغی جماعت کے کارکن لوگوںکو تیزی سے اسلام کی طرف لارہے ہیںاور دنیا بھر میں مساجد کی تعداد تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، ہمیں اللہ کے رسول کے اس مشن کو پورا کرنے کیلئے کسی تشہیر اخبار یا ٹی وی کی ضرورت نہیں بلکہ ہمارا پیغام سینہ بہ سینہ پہنچ رہا ہے، میڈیا زیادہ ترچغلی خوری کے مترادف کام کرتا ہے، دین کے کام میں خرابی سنی سنائی باتوں کو اپنے انداز میں آگے پھیلانے سے پیدا ہوئی ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہدائت حاصل کرنے کیلئے خود یہاں آیا جائے اور اپنے کانوں سے بیانات سنے جائیں، اللہ کے نبی کا دین اتنا سستا اور بے معنی نہیں کہ اس کو سیکھنے کیلئے گھر بیٹھے جدید طریقے اختیار کئے جائیں ،اللہ کے نبی نے تصویر کشی حرام قرار دی ہے تو اس میں بھی کوئی بہتری اور حکمت پوشیدہ ہے ،تبلیغی اجتماع کے پہلے روز حاجی عبدالوہاب نے عصر کے بعد خطاب کیا جبکہ بعد ازاں مولانا سعد اوردیگر علمائے کرام کے کا بیانات کا سلسلہ جاری رہا، مختلف نشستوں میں تقریروں کے دوران مقررین نے کہا کہ تبلیغی اجتماع مسلمانوں کو صحیح معنوں میں مسلمان بنانے کی تربیت گاہ ہے، جب تک انسان غفلت میں ہے دنیا اور آخرت میں رسوا ہو گا،جب تک مسلمانوں کے اندر ایمان مضبوط نہیں ہو گا ان کی حالت تبدیل نہیں ہو سکتی، سارے مسائل کا حل ایمان کے پختہ بننے سے ہے اور ایمان اللہ کے راستے میں نکلنے سے بنے گا، اس وقت اللہ ناراض ہے اللہ کو راضی کرنے کیلئے پانچ وقت کی نماز، ایمان یقین پر مسلمان آجائے گا تو پوری دنیا کے مسلمانوں کے حالات بدل جائیں گے۔ اس وقت دین ہم سے مٹ رہا ہے اور جب ہم دین کیلئے مٹنے والے بن جائیں گے تو ہرطرف امن خود ہی قائم ہو جائے گا، دعوت کی محنت میں آئے بغیر یہ ممکن نہیں، تبلیغی جماعت کے بزرگوں کی دعاﺅں سے یہ اجتماع اللہ کی خاص حفاظت میں ہوتا ہے ،دینی تعلیمات عام کئے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ، نوجوان طبقہ نبیوں والی محنت کو اپنا رہا ہے جلد روشن خیالی سے پھیلی بے حیائی کم ہو جائے گی ،ہم سب ایک خدا اور ایک رسول اور ایک کتاب کو ماننے والے بنتے ہیں لیکن سب کی عادات بگڑی ہوئی ہیں جب ہم سیدھے راستے پر آجائیں گے اللہ کا خوف دل میں پیدا کرلیں گے تو سکون قلب نصیب ہو جائے گا، اللہ کے رسول کی صحیح محبت دل میں ہوگی تب ہم ٹھیک ہوں گے، علماءنے کہا کہ لوگوں کو دعوت اور پیار سے قائل کرنا افضل جہاد ہے، تبلیغ کے ذریعے ہی اسلام کا پیغام دنیا بھر میں پھیلے گا۔ سیلاب، زلزلے اور مصیبتیں ہمارے اعمال کی سزائیں ہیں ان کیلئے استغفار کرنے اور اللہ کے آگے جھکنے اور توبہ کی ضرورت ہے۔آج جمعہ کا خطبہ مولانا عبدالرشید سورتی کراچی والے پڑھائیں گے ۔