بال ٹھاکرے کی ہدایت پر پاکستان بھارت سیریز کےخلاف مظاہرے
کراچی/ اجمیر شریف (این این آئی) ہندو انتہا پسند جماعت وشواہندو پرےشد کے کارکنوں نے پاکستان بھارت سیریز کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پاکستانی کھلاڑیوں کے پتلے نذر آتش کئے جبکہ سابق بھارتی کپتان کپیل دیونے دورے کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ سیریز پاکستان بھارت روابط کی بحالی جنوبی ایشیائی کرکٹ کیلئے نیک شگون اور اچھی پیش رفت ہے ¾ مخالفین سیاست کو کھیل سے دور ہی رکھیں۔ اجمیر شریف میں انتہا پسند جماعت وشوا ہندو پریشد کے کارکنوں نے اپنی حکومت کے خلاف بھی نعرے بازی کی، اس موقع پر ایک بیمار ذہنیت کے حامل شخص شاشی پرکاش نے کہا کہ ہم نے شیو سینا چیف بال ٹھاکرے کے حکم پر مظاہرہ کیا اور پتلے کو آگ بھی لگائی،اگر راجستھان میں جے پور سمیت کسی بھی جگہ پر پاکستان کے ساتھ میچز منعقد کیے جاتے تو ہم پورے گراﺅنڈز ہی خراب کر دیتے۔ بھارتی کھلاڑیوں پون جین اور تریش کھتری نے کہا ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بھارت سمیت دنیا کے تمام ممالک کو پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے روابط بڑھانے چاہئیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کو بھی پاکستان کا جوابی دورہ کرنا چاہئے، کھیل اور سیاست کو علیحدہ علیحدہ رکھنا چاہئے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم کراچی میں ہیں تاہم ہمیں محسوس ہی نہیں ہورہا ہے کہ ہم بھارت سے باہر ہیں، سکیورٹی کے حوالے سے ہمیں کوئی خدشہ نہیں ہے۔
پاکستانی ٹیم/کھلاڑی