مجید نظامی کارکنان تحریک پاکستان کے ہمراہ آج مزار اقبالؒ پر حاضری دینگے
لاہور (خبرنگار) شاعر مشرق، مفکر پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کا 135 واں یوم ولادت شایان شان طریقے سے آج منایا جا رہا ہے۔ آج 11 بجے صبح تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، ممتاز صحافی اور چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی کارکنان تحریک پاکستان، دانشوروں، اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے خواتین و حضرات کے ہمراہ مزار علامہ محمد اقبالؒ پر حاضری دینگے، پھولوں کی چادر چڑھائیں گے، فاتحہ خوانی ہوگی اور کلام اقبالؒ پڑھا جائیگا۔ یوم اقبالؒ کے سلسلے میں مرکزی تقریب اتوار 11 نومبر کو 10 بجے صبح الحمراءہال نمبر 1 شاہراہ قائداعظم لاہور میں منعقد ہوگی جس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب میاں محمد شہبازشریف کرینگے جبکہ مقررین میں اعجاز الحق، شوکت ترین، پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف، جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال، بیگم بشریٰ رحمن ایم این اے، صاحبزادہ سلطان احمد علی خانوادہ حضرت سلطان باہوؒ، ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی، قیوم نظامی اور ڈاکٹر زاہد منیر عامر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں سکولوں اور کالجوں کے طالب علموں کے مابین انعامی، تقریری مقابلے اور کلام اقبالؒ ترنم سے سنانے کے الگ الگ مقابلے بھی منعقد ہونگے۔ ان تقریبات کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔