وزارت بجلی نے 3 صوبوں میں لوڈشیڈنگ ختم، پنجاب میں بڑھا دی
لاہور+ حافظ آباد(نیوز رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) وزارت پانی و بجلی نے 3 صوبوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی۔ جس کے بعد پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے نظام میں خسارہ 39 سو میگا ووٹ بجلی کی اس قلت کو پورا کرنے کے ئے پنجاب کی 5 تقسیم کار کمپنیوں لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی اور گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک وقفے وقفے سے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ صارفین اس صورتحال پر سراپا احتجاج ہیں۔ وزارت پانی وبجلی حکام کا کہنا ہے کہ ہائیڈل جنریشن میں کمی ہوئی جس کی وجہ سے بجلی کا خسارہ بڑھا ہے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق سول ایریا میں گرڈ میں کام ہو نے کے بہانے پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جانے لگی، عوامی حلقوں میں حکومت کے خلاف شدید ردعمل پایا جانے لگا۔ ادھر حافظ آباد میں آٹھ آٹھ ، دس ،دس گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا۔ علاوہ ازیں پھلروان اور گردونواح میں بجلی کے لوڈ شیدنگ کا سلسلہ ایک بار پھر آٹھ گھنٹوں تک شروع ہو گیا ہے۔