خیبر ایجنسی میں آپریشن: 20 شدت پسند جاں بحق، 9 گرفتار، 25ٹھکانے تباہ
خیبرایجنسی (نوائے وقت نیوز) خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 20 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 9 شدت پسندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ سکیورٹی حکام نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحصیل بازار میں 23اکتوبر سے باڑا کلیئرنس کے نام سے کارروائی شروع کی گئی جبکہ باڑا کلیئرنس آپریشن کے لئے تحصیل کو 5 ریجن میں تقسیم کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 20 شدت پسند ہلاک جبکہ 9 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے 25 مراکز کو بھی تباہ کر دیا گیا جبکہ ریموٹ کنٹرول بم بنانے کی 2 فیکٹریاں بھی تباہ کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق 2 ہفتے سے جاری آپریشن میں راکٹ لانچرز، بارودی سرنگیں، دستی بم سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔