نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں اساتذہ کی شدید قلت، بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی: ڈاکٹر مسعود ہراج
ملتان( سٹاف رپورٹر) پروفیسر ڈاکٹر مسعود ہراج نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشترمیڈیکل یونیورسٹی میں ان دنوں ٹیچنگ فکیلٹی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے ہماری مادر علمی میں اساتذہ کی کمی کے سبب ایک بحرانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے۔ صورتحال اس قدر ابتر ہے کہ اس وقت 41پروفیسرز کی سیٹیں ہیں جن میں سے 19سیٹیں تاحال خالی ہیں۔ ایسوسی ایٹس کی 45میں سے 20سیٹیں خالی ہیں۔ اسسٹنٹ پروفیسر کی 74میں سے 20سیٹیں خالی ہیں۔ انستھیزیا میں 4ریگولر ایسوسی ایٹ پروفیسر کی سیٹیں خالی ہیں اور یہی صورتحال ہی امراض اطفال اور فارما کالوجی ڈیپارٹمنٹ کا ہے۔ حالیہ چند دنوں میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی سے بہت سینئر ڈاکٹرز کا تبادلہ دوسرے شہروں میں کردیا گیا ہے جس سے ٹیچنگ فکیلٹی کی مزید کمی پیدا ہوگئی ہے ہم پنجاب حکومت اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیچنگ فکیلٹی کو فی الفور مکمل کیاجائے ۔ تمام اساتذہ کرام جن کا تبادلہ کیا گیا ہے انہیں واپس نشتر میں تعینات کیاجائے۔ نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق کردیاجائے تاکہ وہاں کے تمام فنانشل اور ایڈمنسٹریشن معاملات جو کہ آئے روز بڑھ رہے ہیں ان کا فی الفور حل ہوسکے۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔