شہید کا خون قوم کیلئے آب حیات کا کام کرتا ہے، گلزار احمد نعیمی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)شہید جب شہادت کے مقام پر فائز ہوتا ہے تو اس کے خون کا پہلا قطرہ زمین پر گرنے سے پہلے اللہ اس کی سب خطائوں کو معاف فرما دیتا ہے۔شہدا کسی قوم کے عظیم سرمایہ ہوتے ہیں۔ان کی قربانیوں کی وجہ سے ملک کا دفاع مضبوط ہوتا ہے ۔افواج پاکستان نے اپنے جوانوں میں جو جذبہ شہادت اجاگر کیا ہے وہ بہت ہی قابل ستائش ہے۔پاک فوج کے جوان شہادت کا حصول اپنی زندگی کا نصب العین سمجھتے ہیں ۔اپنی فوجی زندگی میں ان کی آرزو ہوتی ہے کہ انہیں خدا بزرگ و برتر شہادت کی موت عطا فرمائے ۔ان خیالات کا اظہار ممتاز مذہبی سکالر مفتی گلزار احمد نعیمی مرکزی صدر جماعت اہل حرم پاکستان نے صوبیدار عامر شہید کے رسم چہلم کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبیدار عامر شہید کو بلوچستان میں ایک فوجی چوکی پر خدمات سرانجام دیتے ہوئے دہشت گردوں نے شہید کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ،امریکہ ، اسرائیل اور دیگر پاکستان مخالف قوتیں یہ بات سمجھ لیں کہ تمہارے بارود اور گولیوں کے ذخائر ختم ہو جائیں گے لیکن پاکستانی قوم کا جذبہ شہادت کبھی بھی ختم نہیں ہو گا۔ہم پاکستان مخالف قوتوں کی تمام سازشوں سے آگاہ ہیں اور ان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان صبح قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے اسے کوئی بھی ختم نہیں کر سکتا ۔