سعودی تاجروں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں: صدر ممنون
اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب تاریخ، مذہب اور ثقافت کے انتہائی گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی، مستقبل میں تعلقات میں مزید گہرائی اور گرمجوشی پیدا ہو گی، سعودی سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر مملکت نے یہ بات سعودی عرب کے نائب وزیر تعلیم حماد نصیر اے المہریج سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں اپنے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ دریں اثناء صدر نے انجمن ہلال احمر کے پہلے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اور حادثات سے نمٹنے کے لئے ریڈ کریسنٹ کور کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا مضمون تعلیمی نصاب میں شامل کر کے اس کی افادیت کو اجاگر کیا جائے۔ تقریب سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کے علاوہ چیئر مین انجمن ہلال احمر ڈاکٹر سعید الٰہی نے بھی خطاب کیا۔