شکارپور کا غریب طالب علم زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا
شکارپور(نامہ نگار) شکارپور کا ذہین طالب علم غربت کے باعث زندگی اور موت کے درمیان موجود ہے‘ نوجوان فہد اللہ منگی جگر کی بیماری میں مبتلا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور میں ہاتھی در محلہ کے مکین اور ہوٹل پر مزدوری کرنے والے علی احمد منگی کا ہونہار نوجوان بیٹا فہداللہ منگی عارضہ جگر کی وجہ سے زندگی اور موت کے دوراہے پر کھڑا ہے۔جسے انتہائی نازک حالت کے باعث سکھر اسپتال سے جناح اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔جہاں ڈاکٹروں نے متاثرہ طالبعلم کی جان بچانے کے لئے ان کے ورثاء کوایک ماہ کے اندرجگر کی پیوندکاری کرانے کامشورہ دیا ہے، جس پرتقریباً ایک کروڑ روپے کا خرچہ آسکتا ہے۔شدید پریشانی میں مبتلا غریب مزدور اپنے بیٹے کی زندگی بچان کے لئے اتنا بڑا خرچہ کرنے سے قاصر ہے۔جبکہ اس کے ساتھی طلباء اور رشتہ داروں اسداللہ منگی،فہیم احمد منگی،خواجہ معین،سہیل بلوچ،شان محمد شاہ، جہانگیر میرانی ودیگر نے نوجوان کا علاج کرانے کی خاطر چندہ جمع کرنے کی مہم کا آغا ز کردیا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر وزرائ سمیت مخیر حضرات سے مطالبہ کیا ہے کہ ہونہار طالبعلم فہد منگی کی جان بچانے میں ان کی مدد کریں۔