لاہور آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنرز کا توقیر ناصر کی زیر صدارت اجلاس
لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل (الحمرائ) اب بین الاقومی ثقافتی ادارے کا درجہ حاصل کر چکا ہے، یہاں نہ صرف فن بلکہ فنکاروں کی بہبود کے لئے مزید تیزی سے کام ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار توقیر ناصر چیئرمین لاہور آرٹس کونسل نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے سیکرٹری راجہ جہانگیر انور نے الحمراء کلچرل کمپلیکس فیروز پور روڈ کو لاہورکے تاریخی حوالے سے نئے نام سے منسوب کرنے کا مشورہ دیا اور اس سلسلے میں ریسرچ کاکام اصغر ندیم سید کے حوالے کر دیاگیا ہے۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن(ر)عطاء محمد خان کی کارگردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں بورڈ کے رکن اداکار مسعود اختر نے ایک قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن عطا محمد خان نے اپنے وژن اور جدت پسند تخیل کے طفیل لاہور آرٹس کونسل کو نمایاں ترین مقام پر پہنچا دیا ہے۔ اجلاس میں بورڈ کے ارکان مسعود اختر، نیئر علی دادا، نصرت جمیل، بشریٰ انجم بٹ (ایم پی اے) اصغر ندیم سید، آر ایم نعیم، پرویز بشیر، عمران شوکت، راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی سیکرٹری فنانس کاشف منظور، اسسٹنٹ کمشنز پروٹوکول صفدر ورک، حمید قاضی جنرل منیجر پی ٹی وی لاہور اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل نے شرکت کی۔