کپاس کو گلابی سنڈی سے بچانے کے اقدامات شروع کر دئیے: ترجمان محکمہ زراعت
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب نے کپاس کی گلابی سنڈی کے کنٹرول کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ اس ضمن میںکپاس کے کاشتکاروں کوپنجاب کی اہم تحصیلوں میںگوسیپلور (روپس) اور ہر یونین کونسل میںسیکس فیرمون ٹریپس کی مفت فراہمی کی جائے گی تاکہ کپاس کی فصل گلابی سنڈی کے حملے سے پوری طرح محفوظ ہو سکے۔ ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ گوسیپلور (روپس) اور سیکس فیرمون ٹریپس سے گلابی سنڈی کے پروانوں کو ابتدائی سطح پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور اس سے کپاس کی فصل غیرضروری سپرے کے عمل سے بھی محفوظ رہتی ہے۔ پوری دنیا میں اس طریقہ کار کو بیحد پذیرائی حاصل ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب اس ضمن میںکپاس کے علاقوں میں گوسیپلور (روپس) اور سیکس فیرمون کے نمائشی پلاٹس بھی لگائے گا۔ اس سکیم کے تحت کپاس کے مرکزی و ثانوی علاقہ جات ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژنوں کی 54 تحصیلوں میں 50ایکڑ تک آبپاش زرعی اراضی کے مالک کاشتکار اکیلے یا گروپ کی صورت میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سکیم میں حصہ لینے کے خواہشمند کاشتکار حضرات درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(پیسٹ وارننگ) کے دفاتر سے مفت حاصل کرسکتے ہیں یا درخواست فارم محکمہ زراعت (توسیع) کی ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈائون لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔