پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان کی تعیناتی خلاف ضابطہ‘ کروڑوں کا نقصان ہوا: ذرائع، بڑھتا خسارہ کارکردگی پر اثرانداز ہونے لگا
لاہور (خبر نگار) آڈیٹر رپورٹ نے پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان کی خلاف ضابطہ تعیناتی کا راز کھول دیا۔ سی ای او کی خلاف ضابطہ تعیناتی سے ائر لائن کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق مشرف رسول سیان کی تعیناتی میرٹ سے ہٹ کر گئی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے حوالے سے سرکاری آڈیٹر کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے شہری ہوا بازی پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان کے سفارشی ہیں اور مشرف رسول سیان کو وزیراعظم کے مشیر برائے شہری ہوا بازی کی موجودگی میں بغیر شارٹ لسٹ کئے ہی بھرتی کیا گیا تھا۔ انہیں 20 لاکھ ماہوار پر تعینات کرنے کے علاوہ دیگر مراعات بھی فراہم کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق سی ای او مشرف رسول سیان نے سال بھر میں 35 ٹکٹس کی بجائے120 فضائی ٹکٹس حاصل کیں۔ آڈیٹر نے رپورٹ میں سیاسی مداخلت کا انکشاف کیا ہے اور مشرف رسول سیان کو فوری عہدے سے ہٹانے کے ساتھ ساتھ سرکاری گاڑی اور 85 ٹکٹوں کی واپسی کی سفارشات بھی کی ہیں۔دوسری طرف پی آئی اے کا خسارہ مسلسل بڑھنے سے قومی ائر لائن کی کارکردگی بری طرح اثر انداز ہونے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے قومی ائر لائن کے خسارے پر قابو پانے کی بجائے طیاروں کی نئی کلر سکیم متعارف کروائی مگر ابھی تک صرف چار طیاروں کی کلر سکیم تبدیل کی جاسکی ہے۔ گزشتہ رو زکراچی سے لاہور پہنچنے والے جہاز پی کے 316کو سفید رنگ کرکے ہی لاہور بھجوا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فنڈز کی کمی کی وجہ سے پی آئی اے کے طیاروں کی نئی کلر سکیم اور نئے متعارف کروائے جانے والے لوگو کا کام مکمل نہ کیا جا سکا۔ پی آئی اے کو اپنے 34طیاروں کی کلر سکیم تبدیل کرنا ہے مگر اب تک صرف چار طیاروں کی کلر سکیم تبدیل کی جا سکی ہے جس پر 2 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔پی آئی اے انتظامیہ نے حال ہی میں طیاروں کی دُم پر پی آئی اے حروف ختم کرکے دُم پر قومی جانور مارخور کی تصویر کا سٹیکر لگوانے کا فیصلہ کیا تھا۔ دوسری جانب پی آئی اے کے پاس فیول کمپنی کو ادائیگیوں کیلئے فنڈز نہیں ۔یہی وجہ ہے کہ قومی ائر لائن کے مزید منصوبوں پر سرمایہ کاری کرنا قومی ائر لائن انتظامیہ کیلئے ناممکن ہوچکا ہے۔