جدید علوم کا اردو زبان میں ترجمہ وقت کی اہم ضرورت ہے:ڈاکٹر نظام الدین
لاہور(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پنجا ب ہائیر ایجوکیشن کمشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین نے کہا ہے کہ جدید علوم کا اردو میں زبان میں ترجمہ کرانا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ جو قومیں ترقی کر رہی ہیں وہ اپنی زبانوں میں سائنسی علوم کا ترجمہ کرکے ترقی کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کے شیرانی ہال (اولڈ کیمپس)میں منعقدہ تیسرے جلسہ عطائے اسناد میں کیا۔ اس موقع پروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں، ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان، پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر فخرالحق نوری، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ چین، ترکی، ایران اور کوریا کے تعلیمی اداروں میں ذریعہ تعلیم ان کی قومی زبانیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں ہر ماہ 7400تراجم کرائے جاتے ہیں تاکہ اپنی زبان میں تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔