سیکرٹری تجارت سے افغانستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) افغانستان کے اعلیٰ سطح کے وزارتی وفد نے وزارت تجارت میں سیکرٹری تجارت‘ سیکرٹری فوڈ سیکورٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایف بی آر اور دفتر خارجہ کے نمائندےبھی موجود تھے۔ افغان وفد کی قیادت نائب وزیر تجارت مس کاملہ صدیقی نے کی جبکہ متعدد نائب وزراء اور اعلیٰ حکام وفد میں شامل تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ چیلنجز پر قابو پا کر باہمی تجارت کو بڑھایا جائے گا۔ ملاقات میں فرنطینہ سرٹیفکیٹ‘ بعض آئیٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمہ پر بات چیت کی گئی تاکہ افغان ڈرائی فروٹ اور پھلوں کی پاکستان برآمد کو آسان بنایا جائے۔ اجلاس میں مختلف سرحدی کراسنگ پوائنٹس پر تحفظ نباتات کے اہلکاروں کی تعیناتی پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزارت فوڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ چمن اور طورخم کی سرحد پر اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک میں تجارت کے میکنزم کو مستحکم بنایا جائے گا۔