اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 311 پوائنٹس کی کمی 50 ارب روپے ڈوب گئے
کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میںمندی کا رجحان برقراررہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 311.56 پوائنٹس کی کمی سے 44066.96 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 50 ارب24 کروڑ18 لاکھ 49 ہزار 194 روپے کی کمی رونماء ہوئی تاہم تجارتی حجم میںایک ارب 13 کروڑ 51 لاکھ1 ہزار856 روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔جبکہ خرید و فروخت میںبھی 2کروڑ30 لاکھ6ہزار730 حصص کا اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کواسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل چھائے رہے جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس311.56 پوائنٹس کی کمی سے44300، 44200 اور 44100کی تین بالائی نفسیاتی حدوں سے کم ہوکر 44066.96 پوائنٹس پربندہوا ۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر 364 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے86کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی،259کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور19 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل گھٹ کر 90 کھرب 96 ارب 12 کروڑ11 لاکھ 54 ہزار44روپے رہ گیا۔