مقبوضہ کشمیر میںکٹھ پتلی حکومت کی طرف سے پاکستان اور سعودی عرب کے 46ٹی وی چینلز دکھانے پر پابندی لگائے جانے کے بعد سری نگر اور دیگر علاقوں میں پاکستانی چینلز دکھانے والے کیبل آپریٹروں کیخلاف کریک ڈائون شروع کر کے 5کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مودی سرکار نے پاکستانی اور سعودی ٹی وی چینلز کی نشریات بند کرانے کیلئے براہ راست محبوبہ مفتی حکومت کو 2روز قبل ہدایات دی تھیں۔
مودی سرکار کے ذمہ داروں کا خیال ہے کہ پاکستانی چینلز مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں میں بھارت کیخلاف جذبات اور نفرت بھڑکا رہے ہیں جس میں اس لئے صداقت نہیں کہ بوکھلائے ہوئے بھارتی حکام نے پاکستانی تفریحی اور کھانا پکانے والے ٹی وی چینلز بھی بند کرا دیئے ہیں۔دوسری طرف صورتحال یہ ہے کہ پاکستان میں بھارتی تفریحی چینل عرصہ سے چلتے رہے ہیں جس سے نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے۔ پاکستانی اور انڈین نیوز چینلز کی نشریات میں زمین و آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ بھارتی چینلز پر پاکستان کیخلاف نفرت آمیز اور اشتعال انگیز پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے جبکہ پاکستانی نیوز چینلز کی پوری توجہ مقامی و قومی خبروں اور ٹاک شوز پر مرکوز ہوتی ہے۔ پاکستان میں جہاں کیبل پر انڈین چینلز کی نشریات دیکھی جاتی ہیں وہیں سینمائوں میں بھارتی فلموں کی نمائش کی بھرمار بھی ہے۔ انڈین چینلز اور فلمیں ہمارے کلچر کو تباہ کر رہی ہیں۔ ان پر فوری پابندی کی ضرورت ہے۔ گو پیمرا نے انڈین چینلز کی کیبل پر نشریات ممنوع قرار دے رکھی ہیں مگر ملکی اور قومی مفاد کی پروا نہ کرنیوالے کچھ کیبل اپریٹر اس دھندے سے باز نہیں آ رہے۔ ان کیخلاف بلاتاخیر کریک ڈائون کی ضرورت ہے۔ انڈین سپورٹس چینلز بھی بند کئے جائیں۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024