شفاف انتخابات کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب راﺅ افتخار کو فوری ہٹایا جائے: مسلم لیگ (ن)
لاہور ( خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے صاف و شفاف انتخابات کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب راﺅ افتخار کو صوبے سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے نام ایک خط میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے لکھا ہے کہ ایک اخباری اطلاع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب راﺅ افتخار نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں میں ممکنہ انتخابی نتائج اکٹھے کرنے کا کام سونپا ہے۔ اس خبر میں الزام لگایا گیا ہے کہ راﺅ افتخار ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر اپنی حدود سے تجاوز کر رہے ہیں کیونکہ اس طرح کی سرگرمیاں انتخابات کے دوران شفافیت اور گورننس پر سمجھوتے کا باعث بن سکتی ہیں۔ خبر کے مطابق یہ پیغام ڈویژنل کمشنرز کو بذریعہ ٹیلی فون اور بذریعہ ٹیکسٹ میسج دئیے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار کے مطابق اس پیغام رسانی سے سرکاری افسران کے درمیان کنفیوژن پیدا ہو گیا ہے کہ کہیںموجودہ نگران حکومت کچھ ایسے اقدامات تو نہیں کر رہی جو پہلے سے فکس نتائج کی طرف جاتے ہوں۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ اگر یہ درست ہے تو متذکرہ افسر کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔