4شہروں کا طوفانی دورہ فرائض سے غفلت پر 27افسروں کیخلاف کاروائی عوامی مسائل خود حل کروں گا عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں کے24 گھنٹے مسلسل طوفانی دورے کئے۔ وزیراعلی اسلام آباد سے ملتان پہنچے، ملتان سے تونسہ شریف، ڈیرہ غازی خان اور پھر مظفر گڑھ گئے اور پیر کو علی الصبح بذریعہ سڑک ملتان واپس پہنچے۔ عثمان بزدار 4 شہرو ں کے مسلسل دورے کرنے والے پہلے وزیراعلی ہیں۔ وزیراعلی کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی پر 27 افسروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ 12 افسر معطل کئے گئے جبکہ 4 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا اور متعدد افسروں کو شوکاز نوٹس دیا گیا اور ان کی کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا گیا۔ سی پی او ملتان محبوب راشد میاں اور ڈپٹی کمشنر ملتان محمد عامر خٹک کو عہدوں سے ہٹا دیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی ایس پی ملتان، ایس ایچ او ملتان اور سرکل انچارج سپیشل برانچ کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر ڈیرہ غازی خان (ایڈیشنل چارج اے سی تونسہ) چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تونسہ، تحصیل آفیسر (آئی اینڈ ایس) تونسہ اور ایس ایچ او تھانہ تونسہ سٹی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کے ضلعی انچارج کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ انچارج ریسکیو 1122 سنٹر تونسہ، ایڈمن افسر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ، انچارج میڈیسن تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر تونسہ کے ڈاکٹرکو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے انچارج ایمرجنسی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈیرہ غازی خان (اضافی چارج مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈیرہ غازی خان) کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ز، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی کارکردگی پر ناراضی کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلی کی ہدایت پر ڈی ایس پی تونسہ، سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایکسیئن ہائی وے ڈیرہ غازی خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفر گڑھ کو بھی شوکاز نوٹس دیا گیا ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کی کارکردگی پر اظہار ناراضی کیا گیا ہے اور ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ تونسہ کے ایکسیئن اور ایس ڈی او کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلی نے مریضوں کے تیمارداروں کی شکایات کا سخت نوٹس لیا۔ عثمان بزدار نے تھانہ سٹی تونسہ کا بھی دورہ کیا اور حوالات میں بند ملزموں سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔ عثمان بزدار نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ افسر اب کام کریں گے یا گھر جائیں گے۔ عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران کو عوام کیلئے کام کرنا پڑے گا۔ پنجاب کے ہر ضلع میں جاؤں گا اور عوام کے مسائل خود حل کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ میں ریسکیو1122 سنٹر کا بھی دورہ کیا اور عملے سے گفتگو کی۔ عثمان بزدار رات کے پچھلے پہر ڈیرہ غازی خان پہنچے اور خان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں اور انکے تیمارداروں سے سہولیات اور ادویات کی فراہمی بارے پوچھا۔ عثمان بزدار نے شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور مریضوں سے ادویات اور تھرما میٹر بازار سے منگوانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت محمد حنیف پتافی کو معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا۔ عثمان بزدار سے اٹلی کے سفیرآندریاس فیراریس نے ملاقات کی اور اٹلی کے دورے کی دعوت دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰٖ نے اٹلی کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ اطالوی سفیر نے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔عثمان بزدار سے صوبائی وزیر سید صمصام بخاری اور ارکان قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل نوٹ کیے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔