لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل میں آج آرام کا دن ہے اور کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم گیارہ پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
پیرکو ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن فائیو میں کوئی میچ شیڈول نہیں۔ دوسرے مرحلے کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے نو میچز کھیل لیے، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آٹھ آٹھ میچز کھیل لیے جبکہ ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نے سات سات میچز کھیلے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز گیارہ پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن کے ساتھ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔
پشاور زلمی نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ سات پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبرپر ہے۔ کراچی کنگز نے سات پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کررکھی ہے جبکہ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ، چھ پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں اور چھٹے نمبرپر موجود ہیں۔