پاکستان ٹینس فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹینس فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس جمعرات کو پی ٹی ایف کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ صدر پی ٹی ایف سلیم سیف اﷲ خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے آئندہ ماہ اسلام آباد میں ازبکستان کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی، کولمبو میں ہونے والے جونیئر ڈیوس کپ ٹائی، نیپال میں ہونے والے انڈر 12- ٹینس چیمپئن شپ اور اگست 2018میں انڈونیشیا میں ہونے والی ایشیئن گیمز میں ٹینس ٹیموں کے آفیشلز اور سلیکشن کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی۔ ازبکستان کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی کیلئے سابق ڈیوس کپ کھلاڑی و کپتان محمد خالد کو نان پلیئنگ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ عابد علی اکبر کے امریکہ سے نہ آنے کی صورت میں دو کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے ٹرائلز 18مارچ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹس میں شروع ہوں گے۔ انعام الحق ٹرائلز کی نگرانی کریں گے۔ ٹرائلز میں سینئر کھلاڑیوں شہزاد خان، محمد عابد مشتاق اور ھیرا عاشق کے علاوہ ٹاپ تھری نیشنل جونیئر کھلاڑی محمد شعیب، ثاقب عمر اور یوسف خان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ جونیئر ڈیوس کپ 12اپریل سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شروع ہوگا۔ پی ٹی ایف کے نیشنل ڈویلمپمنٹ ڈائریکٹر (این ڈی ڈی) قومی جونیئر ٹیم کے کوچ/کپتان مقرر کئے گئے۔ کھٹمنڈو (نیپال) میں اپریل کے آخری ہفتے میں ہونے والے انڈر12- ٹیم ایونٹ ٹینس چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی قومی جونیئر ٹیم کی قیادت سابق ڈیوس کپ کھلاڑی و کپتان رشید ملک کریں گے ۔ اس ٹیم کیلئے ٹرائلز 19مارچ سے شروع ہوں گے۔ اگست 2018میں انڈونیشیا میں ہونے والی ایشیئن گیمز کیلئے سابق ڈیوس کپ کھلاڑی انعام الحق اور قومی کھلاڑی سارہ منصور مینز اور ویمن ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ٹیموں کی سلیکشن کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔