چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے خط صدر مملکت کو ارسال
لاہور(وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کے کاغذات نامزدگی میں آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کا اطلاق نہ کرنے اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پرچیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کوعہدوں سے ہٹانے کے لئے صدر مملکت کو خط لکھ دیا گیا۔یہ خط ایکٹویزم پینل کے سربراہ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب خط صدر مملکت کو ارسال کیا گیا ۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سینٹ انتحابات میں مبینہ ہارس ٹریڈینگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن نے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلا ق نہ کر کے آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ کامیاب امیدواروں کے اثاثہ جات ،انکم ٹیکس گوشواروں اور دوہری شہریت سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں جو کہ الیکشن کمیشن کی نااہلی ہے۔ خط میں استدعا کی گئی ماورائے آئین اقدامات کرنے پر پرچیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران کوعہدوں سے ہٹایا جائے۔