پاکستانی عورت مضبوط ، کوئی حقوق سے محروم نہیں کرسکتا : خواتین وزرا
لاہور(لیڈی رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)عالمی یوم خواتین کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میںبھی سارادن خواتین کے حقوق کی بحالی، ناانصافیوںسے نجات اور تشدد کے خاتمے کی آوازبلندکرنے کیلئے تقریبات ہوتی رہیں۔ مرکزی تقریب’’ پنجاب کی عورت :محفوظ تر، مضبوط تر‘‘ کے عنوان سے محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیراہتمام یوان اقبال میں ہوئی جس میں پنجاب کی پہلی وویمن ڈویلپمنٹ پالیسی کااعلان کردیاگیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ،بیگم ذکیہ شاہنواز اور بیگم حمیدہ وحیدالدین نے کہاکہ حکومت پنجاب نے 2012 ء سے اب تک خواتین کے تحفظ اور ترقی کے لیے جتنے اقدامات اُٹھائے ہیں اس کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ آج پنجاب کی بیٹی دُنیا کی مضبوط سے مضبوط عورت کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔ آج ایک دیہاتی عورت بھی اپنی وراثت،خاندان کی کفالت اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے حق سے محروم نہیں کی جا سکتی۔ تقریب میں خواتین وزرائ، ممبرز قومی و صوبائی اسمبلی پنجاب ،محکمہ تعلیم، صحت ،پولیس، این جی اوز ،گرلز گائیڈ، میڈیا سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین، یونائیٹیڈ نیشن اور سول سوسائٹی کی نمائندگان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تعلیم سے لیکر صحت اور خواتین کی خودکفالت تک خواتین کی ترقی کے لیے بہترین اقدامات سرانجام دئیے ہیں جن کے تحت اب تک 130,028خواتین 6.50بلین کے تعلیمی وظائف حاصل کر چکی ہیں۔زیور تعلیم پروگرام کے تحت پسماندہ علاقوں کی 4,50,000 بچیاں ثانوی تعلیم کے لیے ماہانہ وظائف وصول کر رہی ہیں۔ 2012 سے اب تک 90نئے گرلزکالجز بن چکے ہے ۔ بیشتر کالجز میں مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے ۔326 ایمبولینسسز پورے پنجاب میں حاملہ خواتین کی ضروریات پوری کر رہی ہیں۔836,200خواتین کو وزیر اعلیٰ خود روزگار سکیم کے تحت بلاسود قرض فراہم کیے جا چکے ہیں۔ بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ وہ پنجاب کی اُن تمام خواتین کو خراجتحسین پیش کرتی ہیں جنھوں نے چادر اور چار دیواری کے اُصولوں پر کاربند رہ کر ملکی ترقی میںاپنا کردار ادا کیا ۔ بیگم حمیدہ وحید الدین نے تقریب کے شرکاء کو وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کامیابیوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کو سراہا اور سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس ویژن کو حقیقت بنانے کے لیے اُن کا بھر پور ساتھ دیا ۔ پیپلزپارٹی شعبہ خواتین پنجاب کے زیراہتمام ایجرٹن روڈ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پنجاب کی صدر ثمینہ گھرکی، بیلم حسنین، فائزہ ملک، جہاںآراوٹو، سونیاخان نے کی۔ علیمہ خان، ڈاکٹریاسمین راشد، جسٹس ناصرہ جاویداقبال، مہنازرفیع،عندلیب عباس، شنیلا روت،سعدیہ سہیل، نومنتخب سینیٹرچوہدری سرور، ولید اقبال، حماداظہر، عائشہ جہانزیب، ثمینہ امجد کریم رندھاواودیگرنے خطاب میںکہاکہ اسلام نے عورت کوجومقام دیامغرب کی عورت آج بھی اس کے حصول کیلئے جدوجہدکررہی ہے۔( ق)لیگ شعبہ خواتین پنجاب کے زیراہتمام مسلم لیگ ہاؤس میںمنعقدہ تقریب سے خطاب میںصوبائی صدرخدیجہ عمر فاروقی ،جنرل سیکرٹری ماجدہ زیدی نے کہاکہ جس طرح تحریک پاکستان میں خواتین نے کردار ادا کیا آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے ۔