سینٹ الیکشن میں ووٹ نہ ڈالنے پر عمران ، شیخ رشید کو نااہل کیا جائے: پرویز ملک، عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر محمد پرویز ملک،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ لیگی قیادت محب وطن، پاکستان کی مقبول ترین عوامی قیادت ہے، قائد کے ویژن کے مطابق پاکستان کو پرامن فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے،سی پیک سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے اورعوام خوشحال ہورہے ہیں،سینٹ میںووٹ نہ ڈالنا پارلیمنٹ کی توہین ہے۔اس پر عمران خان اورشیخ رشید کو نا اہل قراردیا جائے، ن لیگ نے ہمیشہ انصاف اور قانون کی بالادستی کی بات کی، 2018ء کے انتخابات میں عوام کی عدالت میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) سرخرو ہو گی، آمروں کو ویلکم کیا جاتاہے، اور ان کے اقدامات کو آئینی تحفظ اور آئین میں ترامیم کی اجازت دی جاتی ہے،پچھلے 70 سال میں کسی بھی منتخب وزیراعظم کو اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، یہ طرز عمل عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، موجودہ حکومت نے شفافیت کی تاریخ رقم کرکے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، سید توصیف شاہ،سینیٹرڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔