عام تعلیم کی بجائے فنی تعلیم نے اپنی ضرورت و اہمیت ثابت کر دی، عارف اللہ خان
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) نیشنل ٹریننگ بیورو وفاقی وزارت تعلیم کے ڈائریکٹر عارف اللہ خان نے کہا ہے کہ جدید ترقی یافتہ دنیا میں تعلیم کے تقاضے بدل چکے ہیں اور اب عام تعلیم کی بجائے فنی تعلیم نے اپنی ضرورت و اہمیت ثابت کر دی ہے لہذا ہمارے نوجوانوں کو بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر چلنے کی ضرورت ہے ۔ نیشنل ٹریننگ بیورو آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کی اعلی تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔ انجمن فیض الاسلام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے حکم پر بننے کے باوصف ایک عظیم ادارہ ہے جس میں بانیان پاکستان کا پورا ویژن موجود ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انجمن فیض الاسلام میں فیض الاسلام ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فیض آباد مرکز میں مختلف ٹریڈز میں ایک سالہ فنی تربیتی کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں ، نائب صدر محترمہ اظہار فاطمہ ، فنانس سیکریٹری راجا صابرحسین، انجمن کے فنی تربیتی اداروں کے ڈائریکٹر انجنئیرمظفر اقبال ،ایف ٹی ٹی آئی کے پرنسپل انجنئیر محمد اکمل ، پرنسپل فیض الاسلام ماڈل سکینڈری سکول غلام جیلانی ، انجمن کے عہدیدار ان اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عارف اللہ خان نے انجمن فیض الاسلام کی مجلس منتظمہ کے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجمن کے فنی تربیتی ادارے فنی مہارتوں کے فروغ میں اپنا کردار نہایت احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹریننگ بیورو آپ کا اپنا ادارہ ہے اور ہم مختلف مشینوں پر ابتدائی مہارت حاصل کرنے والے انجمن کے طلبہ کو ڈیزائننگ سے لے کر مینو فیکچرنگ تک کی مکمل تربیت دینے کیلئے انجمن کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ اپنے حسن کردار سے معاشرے کو حسین بنائیں ۔ محنت اور بڑوں کی عزت کے ساتھ ساتھ ایمانداری اور خلوص نیت سے آپ بام عروج تک پہنچ سکتے ہو ۔ اس موقع پر صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجمن فیض الاسلام ایک رفاعی اور فلاحی تنظیم ہے جو اپنے قیام 1943 ء سے لے کر معاشرے کی ہمہ جہت خدمت میں مصروف ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارا مقصد بے وسیلہ بچوں کو اس نہج پر پروان چڑھانا ہے کہ وہ اپنی عملی زندگی میں معاشرے کے مفید شہری ، با عمل مسلمان اور سب سے بڑھ کر اچھے انسان بن کر خدمات کر سکیں ۔ انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ضرور انجنئیر بنیں ، ڈاکٹر ، وکیل یا کسی بھی دیگر شعبے کے ماہر بنیں مگر سب سے پہلے اچھا انسان بنیں ۔محمد صدیق اکبر میاں نے کہا کہ انجمن فیض الاسلام اور دوسری این جی اوز میں واضح فرق یہ ہے کہ انجمن کے مکمل جمہوری تنظیم ہے جس کے عہدیدار ہر تین سال پر بعد الیکشن کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں ۔ اس ادارے کو کسی حکومت یا بیرونی ایجنسی سے کوئی فنڈز نہیں ملتے بلکہ مخیر لوگوں کے تعاون سے اس کے اخراجات پورے کئے جاتے ہیں ۔ ہم اپنے ادارے کے رہائشی اور تعلیمی اداروں میں علم حاصل کرنے والے بچوں کو محنت ، فرض شناسی ، ایمانداری ، دیانتداری اور خلوص نیت جیسے اوصاف حمیدہ سے متصف کرتے ہیں اور انجمن فیض الاسلام کو فخر اور اعزاز حاصل ہے کہ اس کے فارغ التحصیل طلبہ قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں اعلی عہدوں پر اپنے فرائض پوری ایمانداری اور تندہی سے ادا کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر ایف ٹی ٹی آئی کے پرنسپل انجنئیر محمد اکمل نے ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور ادارے میں کرائے جانے والے فنی تربیتی کورسز کے بارے میں بتایا ۔ انہو ںنے کہا کہ ایف ٹی ٹی آئی میں بچوں کو آئی ٹی سمیت ، ریفریجریشن اینڈ ائیر کنڈیشننگ ، سول انجنئیرنگ ، سول سروئیر، ڈریس ڈیزائننگ ، آٹو الیکٹریشن اور دیگر شعبوں میں ایک سالہ ڈپلومہ کے علاوہ دیگر کورسز کروائے جاتے ہیں ۔ ڈائریکٹر فنی ادارہ جات انجنئیر مظفر اقبال نے کلمات خیر مقدم کہے اور راجا صابر حسین نے ملک و قوم کے بہتری کے لئے اجتماع دعا کروائی ۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوص عارف اللہ خان ، محمد صدیق اکبر میاں اور دیگر نے پوزیشن ہولڈر بچوں کو اسناد دیں ۔