قصور: کھیتوں سے 8 سالہ بچے کا سر برآمد، باقیات چھپا دی گئیں
قصور (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ الہٰ آبا دکے علاقہ سے کمسن بچے کا سر ملنے کے واقعہ پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے ورثاء کی تلاش کیلئے اشتہار شوروغوغا جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ الہٰ آباد پولیس نے وارڈ 10کے ندیم اختر کی درخواست پر مقدمہ درج کیا کہ اسکو گزشتہ شام اطلاع ملی کہ فصل مکئی ازان ظفراقبال میں 7/8سالہ بچے کا سر پڑا ہے جسے نامعلوم ملزمان نے قتل کر کے سر پھینک دیا ۔ باقیات چھپا دی گئیں۔ نعش 15/20روز پرانی لگتی ہے جس کے سر کے بال بھی گرنا شروع ہوگئے ہیں،واقعہ کی سنگینی جانتے اے ایس پی چونیاں ڈی ایس پی سٹی موقعہ پر پہنچے ،پنجاب فرانزک لیب ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے 6تھانوں کی نفری پر مشتمل سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں،تفتیشی ٹیموں نے رات بھر علاقہ میں سرچ آپریشن کیا گیاقریبی قبرستانوںکو بھی چیک کیا گیا کہیں کسی جانور نے قبرکھود کر سر تو باہر نہیں نکالا اس کے ساتھ ساتھ مسیحی آبادی میں جادو ٹونے کے عنصر کو چیک کرنے کیلئے بھی لوگوں سے پوچھ گچھ کی گئی اس کے علاوہ ورثاء کی تلاش کیلئے اشتہارشوروغوغا بھی جاری کیا گیا لیکن تاحال بچے کی شناخت نہ ہوسکی دوسری طرف ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہا کہ اس واقعہ کو ٹریس کرنے کیلئے پولیس پیشہ وارانہ طریقہ سے تفتیش کررہی ہے جلد حقائق کو سامنے لاکر ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔