بانی ایم کیو ایم اور رشتہ داوں سے منسوب سڑکوں، عمارتوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ اپیکس کمیٹی نے بانی ایم کیو ایم اور ان کے خاندان کے ناموں پر عمارتوں اور سڑکوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ بانی ایم کیو ایم اور ان کے خاندان کے ناموں پر 62 عمارتیں، سڑکیں ہیں سندھ کابینہ پہلے ہی ان کے ناموں کی تبدیلی کا فیصلہ منظور کر چکی ہے۔ سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ سٹریٹ کرائم میں فائرنگ دہشت گردی کے زمرے میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہر حال میں سٹریٹ کریمنل کو سخت سزا ہو جو بھی ترمیم کریں شہریوں کو تحفظ ملنا چاہئے۔ اپیکس کمیٹی کے 22 ویں اجلاس میں سیف سٹی پروجیکٹ سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا، قومی احتساب بیورو (نیب) سندھ کی مداخلت کے باعث اس میں تاخیر ہوئی ہے، لہذا یہ فیصلہ کیا گیا کہ نیب کو اعتماد میں لیکر اس منصوبے کو دوبارہ شروع کیا جائے۔